پیرس (جنگ نیوز) یورپی رہنماؤں کاامریکی خارجہ پالیسی پر غیر معمولی سخت تنقید، عالمی نظام توڑنے کا الزام لگایا گیا،صدر میکرون کا کہنا تھا واشنگٹن بین الاقوامی قوانین سے خود کو آزاد اور بتدریج اپنے اتحادیوں سے منہ موڑتاجا رہا ہے۔جرمن صدر نےکہا کہ امریکی رویہ دنیا کو لٹیروں کی آماجگاہ بنادیگا۔یورپ نے اپنے مفادات ، عالمی نظم کے دفاع پر زور دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور جرمنی کے صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے امریکی خارجہ پالیسی پر غیر معمولی سخت تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکا بتدریج عالمی اصولوں سے دور ہوتا جا رہا ہے اور اس رویے سے بین الاقوامی نظام شدید خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔ ایلیزے پیلس میں فرانسیسی سفیروں سے خطاب کرتے ہوئے میکرون نے کہا کہ امریکا، جو کبھی عالمی قوانین کا علمبردار تھا، اب اپنے بعض اتحادیوں سے منہ موڑ رہا ہے، جبکہ کثیرالجہتی ادارے کمزور پڑتے جا رہے ہیں اور دنیا بڑی طاقتوں کی باہمی تقسیم کے رجحان کی طرف بڑھ رہی ہے۔