نیویارک (عظیم ایم میاں ، نیوز ایجنسیاں) امریکا نے بدھ کے روز روس کے پرچم بردار ایک آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا، اس آئل ٹینکر کی نگرانی ایک روسی آبدوز کر رہی تھی،امریکی حکام نے آئل ٹینکر کو قبضے میں لئے جانے کی تصدیق کردی ہے ، روس کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے جہاز پر سوار ہونے کے بعد اس کا’’مارینیر‘‘ا سے تمام رابطہ منقطع ہو گیا ہے،روس کے سینئر روسی قانون ساز، آندرے کلشاس نے کہا کہ امریکا کی جانب سے جہاز پر قبضہ کھلی قزاقی کا عمل ہے،برطانیہ نے تصدیق کی ہے کہ جہاز پکڑنے میں امریکا کیساتھ مل کر کام کیا ہے، برطانوی حکومت کے مطابق انہوں نے عالمی قانون کے مطابق امریکا کا ساتھ دیا ہے۔ دوسری جانب امریکی کوسٹ گارڈ نے بتایا ہے کہ وینزویلا سے منسلک دوسرا ٹینکر بھی پکڑ لیا ہے،امریکی فوج کی سدرن کمانڈ نے کہا کہ پاناما کے پرچم بردار سپر ٹینکر’’ایم سوفیا‘‘ (M Sophia)، جو پابندیوں کی زد میں ہے، کو صبح ہونے سے پہلے روک لیا گیا اور اسے "بے ریاست، منظور شدہ ڈارک فلیٹ موٹر ٹینکر" قرار دیا۔ یہ کارروائیاں واشنگٹن کی جانب سے وینزویلا کی تیل کی برآمدات کو روکنے کی کوششوں کے سلسلے میں بحرِ اوقیانوس میں دو ہفتوں سے زائد کے تعاقب کے بعد کی گئی۔