کراچی (ٹی وی رپورٹ) ڈین بین الاقوامی امور بوسٹن یونیورسٹی ڈاکٹر عادل نجم نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی فارن پالیسی کمال ہی ہے جو سمجھ نہیں آتی، دنیا پر واضح ہوگیا ہے ٹرمپ مذاق میں بھی کچھ کہیں تو اسے مذاق نہ سمجھا جائے، نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے کہا کہ بطور چیئرمین بیرسٹر گوہر کمزور جبکہ سلمان اکرم طاقتور نظر آرہے ہیں ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈین بین الاقوامی امور بوسٹن یونیورسٹی ڈاکٹر عادل نجم نے کہا کہ ایسا نہیں ہے صرف تیل کی وجہ سے جنگ ہوگئی ہو یہ سوچنا کہ امریکہ کی معیشت اس سے تبدیل ہوجائے گی ایسا نہیں ہے۔ ٹرمپ کی فارن پالیسی کمال ہی ہے جو سمجھ نہیں آتی ہے ۔ اتنی ساری حرکتیں کرو چاہے وہ تنقید ہوں اس سے دنیا کنفیوژن میں رہے گی۔ البتہ یہ بات تسلسل سے سامنے آرہی ہے کہ دنیا میں جو کچھ بھی ہوگا وہ امریکہ کے مفادات کے لئے ہوگا۔