• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے واضح کردیا مذاکرات پارلیمانی سطح پر ہی ہونگے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) حکومت نے واضح کردیا ہے کہ حزب اختلاف سے مذاکرات پارلیمانی سطح پر ہی ہونگے خواہ ان کے لئے پیش آمدہ دنوں میں راہ نکالی جائے یا ان کے لئے آمادگی کے اظہار پر مہینوں لگ جائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کو مذاکراتی عمل شروع کرنے کے لئے کھلا ہاتھ دیدیا ، اعلی حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ مذاکرات کے لئے پیشگی شرائط تسلیم نہیں کی جائیں گی ان کے لئے ایجنڈا بھی مذاکراتی کمیٹی ہی طے کرے گی حکومت حزب اختلاف کی مجبوریوں کو بخوبی سمجھتی ہے جسے بیرونی دباؤ کا سامنا ہے وہ اپنے ایجنڈے کو مذاکرات شروع ہونے پر شرکا کے سامنے رکھے۔ ذرائع نے قومی مذاکراتی کمیٹی کی سفارشات کو بے خانماں سیاسی افراد کی عمدہ کوشش قرار دیا ہے تاہم اسے مذاکرات کے لئے غیر موزوں بنیاد قرار دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کو مذاکراتی عمل شروع کرنے کے لئے کھلا ہاتھ دیدیا ہے جنہوں نے نومبر 2024ء کو بنائی گئی مذاکراتی پارلیمانی کمیٹی کو تاحال تحلیل نہیں کیا مذاکرات شروع ہوئے تو اس کمیٹی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل ہوگا۔ ذرائع نے یاد دلایا ہے کہ کمیٹی نے متفقہ طور پر حکمران جماعت کے سینیٹر عرفان صدیقی کو سربراہ بنایا تھا جو گزشتہ سال انتقال کرگئے تھے اسی طرح پیپلزپارٹی کے سرکردہ رہنما خورشید احمد شاہ اس قدر علیل ہیں کہ وہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں گے حزب اختلاف قائد عمر ایوب خان نا اہل قرار پاچکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید