کراچی(اسٹاف رپورٹر )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعلیٰ سندھ کے حالیہ ترقیاتی پیکج اور جماعت اسلامی کی سیاست پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے نام پر اربوں روپے کے اعلانات ماضی میں بھی کئے گئے لیکن شہر کی حالتِ زار تبدیل نہ ہوسکی۔ 84ارب روپے کے پیکجز محض فوٹو سیشن اور فائلوں تک محدود ہیں، جبکہ حقیقت میں کراچی کے انفرااسٹرکچر کی تباہی کا ذمہ دار خود سندھ حکومت کا متعصبانہ رویہ ہے۔اراکین سندھ اسمبلی نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی کی کارکردگی پر سوال اٹھانے والے پہلے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں، جماعت اسلامی شہر میں بہتری لانے کی بجائے صرف پوائنٹ اسکورنگ اور ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہے۔