سکھر (بیورو رپورٹ) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کچے میں بڑا آپریشن کرنے جارہے ہیں، ڈاکوؤں کیخلاف بے رحمانہ کارروائی کریں گے، فی الحال فوج کی ضرورت نہیں، رینجرز اور پنجاب پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے، پنجاب پولیس کی ضرورت ہوگی، آئی جی سندھ کو آئی جی پنجاب سے رابطہ کا کہا ہے، جو ڈاکو ہتھیار ڈالیں گے اسے موقع دیں گے جو لڑے گا مقابلہ میں مارا جائے گا، جو ڈاکو خود کو چیمپئن سمجھتے ہیں ان کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی، صوبہ میں امن کی صورتحال بہتر ہے، سندھ میں کہیں بھی کانوائے نہیں چل رہا، ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کررہے ہیں، جتوئی مہر تنازع جلد ختم ہوگا جبکہ قبائلی تنازعات کے خاتمے پر بھی کام کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید ترین اسلحہ دیا گیا ہے، سندھ پولیس قابل ہے، آئی جی پنجاب، آر پی او بہاولپور سے رابطہ کرکے گرینڈ آپریشن شروع ہوگا، امید ہے کہ جلد ڈاکوؤں کا خاتمہ کریں گے، کشمور، گھوٹکی اور شکارپور کے کچے میں ڈاکوؤں کی آماجگاہوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ قبل ازیں وزیر داخلہ نے لاڑکانہ و سکھر رینج میں امن و امان کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی، افسران سے بریفنگ لی، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو بھی ان کے ہمراہ تھے. بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچہ اور پکا ایریاز دونوں میں پولیس دستے متحرک اور مستعد ہیں۔