کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو سندھ میں خوش آمدید کہا جائے گا، پی ٹی آئی کے طرز سیاست، طالبان کے دفاتر کھولنے اور عمران حکومت کے دور میں دہشت گردوں کی رہائی جیسے معاملات پر شدید اعتراضات ہیں، صحافت تیزی سے بدل رہی ہے اور اب یہ صرف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا تک محدود نہیں رہی، حکومت سندھ چاہتی ہے کہ صحافت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور اس ضمن میں صحافی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ کراچی پریس کلب کی نو منتخب باڈی کو مبارکباد دینے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کراچی پریس کلب پہنچے، پریس کلب آمد پر سدر فاضل جمیلی، جنرل سیکریٹر اسلم خان اور باڈی کے دیگر عہدیداران اور ممبران نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا پرتباک استقبال کیا۔ کراچی پریس کلب کی نو منتخب عہدیداران نے صدر فاضل جمیلی اور جنرل سیکریٹری اسلم خان کی سربراہی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پریس کلب کے عہدیداران نے پریس کلب آمد پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کیا درپیش مسائل سے متعلق آگہی دی۔