کراچی (افضل ندیم ڈوگر )بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان14سال بعد براہ راست پروازوں کا آغاز 29جنوری سے ہورہا ہے۔ ڈھاکا سے پہلی براہ راست پرواز بھارت کے فضائی راستے رات 11بجے کراچی پہنچے گی۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کی بیمان ائیرلائن نے کراچی کیلئے پروازوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ بیمان ایئر لائن کی پہلی پرواز بی جی 341 جمعرات 29 جنوری کی رات 8 بجے ڈھاکہ سے کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔ پرواز بھارت کی فضائی حدود سے گذر کر رات 11 بجے کراچی پہنچے گی۔ اسی طرح کراچی سے پرواز بی جی 342 رات 12 بجکر 1 منٹ پر ڈھاکہ کیلئے روانہ ہوگی۔ ٹریول ایجنٹس کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی پر دونوں ملکوں کے عوام پرجوش ہیں۔