کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کو قتل کر دیا گیا، الفلاح کے علاقے البدر سوسائٹی میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق الفلاح تھانے کی حدود البدر سوسائٹی لاہوری ہوٹل کے قریب مسلح ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ مقتول کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 25 سالہ شعیب ولد محمد سلام کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتول کی پلاسٹک کی تھیلیوں کی دکان تھی ، وہ اپنی دکان کھول رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان دکان پر آئے۔ملزمان نے شعیب سے 15 ہزار روپے لوٹے۔ ملزمان فرار ہوتے وقت دکان سے کچھ فاصلے پر گڑھے میں گر گئے۔ مقتول شعیب ملزمان کی جانب دوڑا تو ڈاکوؤں نے ایک ہوائی فائر کیا اور دوسرا فائر شعیب پر فائر کیا۔ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شعیب جاں بحق ہوگیا۔مقتول بہن بھائیوں میں بڑا ، گھر کا واحد کفیل اور البدر سوسائٹی کا رہائشی تھا۔