کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی ناگن فلائی اوور کے قریب اتوار کی صبح موٹرسائیکل سوار2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل سوار3 نوجوانوں کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے، زخمی نوجوانوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شناخت 22 سالہ حسنین ولد عزیز، 20 سالہ فیصل ولد حنیف اور23 سالہ ناصر ولد دوست علی کے نام سے ہوئی ہے،پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے تینوں نوجوان آپس میں دوست ہیں اور گرومندر سےقوالی کے پروگرام میں شرکت کرکے پاور ہاؤس چورنگی گھر کی جانب جا رہے تھے کہ انہیں موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کردی ،ا بتدائی تفتیش کے مطابق زخمی نوجوانوں سے کسی قسم کی لوٹ مار نہیں کی گئی،واقعہ ڈاکوؤں کی فائرنگ یا پھر ذاتی تنازع کا شاخسانہ ہے اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔