کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے2025کی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے گزشتہ سال 48 مسروقہ اور 17 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کرکے مالکان کے حوالے کیں جبکہ 169 لاپتہ اور گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے اہلخانہ تک پہنچا کر 70 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرکے متعلقہ پولیس کے حوالے کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں مسافروں کو ایمر جنسی کے دوران مدد فراہم کرنے کے علاوہ 54 لاکھ سے زائد افراد کو ٹال فری ہیلپ لائن 130 کے ذریعے رہنمائی دی گئی۔ 2025ء کی کارکردگی جائزہ رپورٹ میں جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق عوام کو 18500 ڈرائیونگ لائسنس ، 103 سی ای کیٹگری لائسنس جبکہ 1480 انٹر نیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کئے گئے اس کے علاوہ موٹر وے پر سفر کرنے والے شہریوں ڈرائیور حضرات اور لوگوں کو 2674 روڈ سیفٹی پروگرام منعقد کرکے لوگوں کو محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے شعور و آگاہی دی گئی۔اس کے علاوہ دورانِ سفر کھو جانے والی قیمتی اشیاء، جن میں سونے کے زیورات، 186 موبائل فونز، 48 پرس اور دیگر 331 قیمتی سامان شامل تھا تحویل میں لینے کے بعد اصل مالکان کو تلاش کر کے ان کے حوالے کیاگیا رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ سال 48 چوری شدہ اور 17 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کر کے متعلقہ حکام اور اصل مالکان کے حوالے کی گئیں۔ 169 لاپتہ گمشدہ بچوں کو باحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا گیا۔جبکہ 70 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس کے حوالے کیا گیا۔موٹر وے پولیس نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور ان میں شعور و آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر اپنی صلاحیتوں اور استعداد کار میں مزید اضافہ کیا ہے تاکہ آئندہ بھی اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے سرانجام دیا جاسکے۔