کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے 26 جنوری کو شہید چیئرمین حسین علی یوسفی کی سترہویں برسی منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سترہ سال گذرنے کے بعد آج بھی ہزارہ قوم اور پارٹی کارکنوں کے دلوں میں شہید حسین علی یوسفی کی یاد اسی طرح تازہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہید چیئرمین کی یاد میں گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی جلسہ عام منعقد ہوگا جس سے پارٹی قائدین اور ہزارہ قوم کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اظہار خیال کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ 26 جنوری کے دن پارٹی کے قومی کانگریس کے نتیجے میں کامیاب ہونے والے پارٹی کے نو منتخب ایگزیکٹو کونسل و اراکین مرکزی کونسل حلف اٹھائیں گے جس کے بعد نئی مرکزی قیادت سیاسی پالیسیوں اور ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو متحرک رہنے اور ہزارہ قوم و کوئٹہ کے شہریوں کے لئے ضروری اقدامات سے آگاہ کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ انتخابات اور جلسہ عام کیلئے پارٹی نے کئی کمیٹیاں قائم کی جو الیکشن کمیٹی کی نگرانی میں اپنی زمہ داریاں انجام دیں گے۔