• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرقانونی میڈیکل اسٹورز اور غیرمعیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے صوبہ بھر میں غیر لائسنس یافتہ میڈیکل سٹورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے اور غیر معیاری و جعلی ادویات کی خرید و فروخت کے خلاف فوری طور پر مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔یہ اہم فیصلے محکمہ صحت کے کمیٹی روم میں منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت صوبائی وزیرِ صحت نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ڈرگ کنٹرول و فارمیسی سروسز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیرِ صحت نے تمام ڈرگ انسپکٹرز اور فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ کیمسٹس اور ڈرگسٹوں کی یونینز و ایسوسی ایشنز کے ذریعے آگاہی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں تاکہ صوبے بھر میں ڈرگ قوانین اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے وزیرِ صحت نے مزید ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں کی جانے والی تمام کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کی جائے، جس میں تصویری شواہد شامل ہوں اور یہ رپورٹس ہر پندرہ روز بعدصوبائی وزیرِ صحت اور سیکرٹری صحت کو پیش کی جائیں۔صوبائی وزیرِ صحت نے واضح کیا کہ ادویات کے معیار، حفاظت اور افادیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کی صحت کا تحفظ حکومتِ خیبر پختونخوا کی اولین ترجیح ہے۔
پشاور سے مزید