پشاور( جنگ نیوز )حق دو پشاور کو عوامی حقوق کی حقیقی ترجمانی کی تحریک ہے۔خیبرپختونخوا حکومت کوگزشتہ تیرہ برسوں میں ملنے والے اربوں روپے کا حساب دینا ہوگا۔جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر اور پیٹرن ان چیف صابر حسین اعوان نے یہاں احتجاجی مظاہرے سےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب تک پشاور کے باسیوں کو ان کے حقوق نہیں دلائیں گے اورکرپٹ حکومت کو عوام کے سامنے ان کی کرپشن بے نقاب نہیں کریں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے ۔ وہ گزشتہ روز این اے 28 پشاور کے زیر انتظام حق دو پشاور کو کے تحریک کے زیر انتظام چارپریزہ چوک میں احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کیا کہ 8404 ارب روپے وفاق سے آئے ہیں لیکن یہاں اس کو خرچ نہیں کیا گیا ۔اس کا حساب لیکر رہیں گے۔ مظاہرین سے ضلعی امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین وزراء اعلیٰ کے ساتھ موجودہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی بھی تلاشی لیں گے اور ان کی کرپشن کو بے نقاب کریں گے۔ سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے کہا کہ کراچی کے چکر لگانے والے وزیر اعلیٰ کے گھر میں آپریشن ہورہا ہے اور لوگ بھوکوں مر رہے ہیں اور سردی سے مشکلات میں ہیں لیکن ان کرپٹ وزراء کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس تحریک میں شامل ہو جائیں اور ہم اپنا پورا حق لیکر رہیں گے۔ نائب امیر ضلع حمد اللہ جان نے کہا کہ گالم گلوج بریگیڈ کراچی جاکر گویا یہ پیغام دے رہے ہیں پختون خواہ کے عوام ایسے ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی احتساب کےذریعے ہی ان کا تختہ دھڑن کریں گے اور عوام کو اس کرپٹ صوبائی حکومت سے نجات دلائیں گے۔ ڈاکٹر عتیق الرحمان امیر این اے 28 نے عوام سے کہا ہے کہ حق دو پشاور تحریک گیم چینجر پروگرام ہے اور بیوروکریسی اور حکومت کی کرپشن عوام کے سامنے لاکر رہیں گے۔