پشاور (خصوصی نامہ نگار) محمد نصیر بلوچ کو خیبر پختونخوا ٹائیکوانڈو ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کرلیا گیا، انتخابات میں صوبہ بھر کی تمام ریجنل ٹائیکوانڈو ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی، الیکشن اجلاس پاکستان ٹائیکوانڈو فیڈریشن کی تین رکنی کمیٹی ، جس میں نل وسیم، محمد حنیف اور کامران خان شامل تھے، کی نگرانی میں ہوا، خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کی نمائندگی سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بٹ جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈائریکٹر عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم سید جعفر شاہ نے کی۔ انتخابات میں صدر کے عہدے کیلئے محمد وقار آفریدی اور محمد نصیر بلوچ امیدوار تھے، انتخابی عمل میں محمد نصیر بلوچ نے16ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی، محمد وقار آفریدی نے چار ووٹ حاصل کئے۔ دیگر عہدے داروں میں مرتضیٰ حسن بنگش چیئرمین ،شوکت سخی سرپرست اعلیٰ، جاوید اکبر سینئر نائب صدر، میڈم شمیم نائب صدر، محمد ایاز خان نائب صدر اور عزیز الحسن سیکرٹری ، محمد شیراز ڈپٹی سیکرٹری، ابراہیم ایسوسی ایٹ سیکرٹری، نعمت ستارہ ایسوسی ایٹ سیکرٹری، محمد طلحہ ایسوسی ایٹ سیکرٹری جبکہ محمد آصف خان فنانس سیکرٹری شامل ہیں۔