پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کیپیٹل سٹی پولیس نے قتل، قبضہ مافیا ، بھتہ خوروں ،سود خوروں اور پولیس پر حملوں میں ملوث گینگزکے خلاف آپریشن کا سلسلہ تیز کردیا اور کئی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ان کی غیرقانونی تعمیرات بھی مسمارکردی ہیں۔اس سے قبل آدم عرف آدمے، لعلی گینگ اور پینے گینگ کا بھی خاتمہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ تہکال کی حدود ارباب روڈ اور شہید آباد میں بدنامِ زمانہ قبضہ گروپ اور غنڈہ گروپ کے ملزمان شیر دل ، عادل ، عاقب ، کامران ، عمران ، امان اور عبد اللہ کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیاگیا۔آپریشن کے دوران ان کے ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ایس پی کینٹ عبد اللہ احسان کی نگرانی میں آپریشن میں مختلف تھانوں تہکال اور ٹاون کے پولیس افسران نے شرکت کی جس میں بھاری نفری نے حصہ لیا۔پولیس کا کہناہے کہ گینگ قبضہ مافیا ، قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری ، پولیس پر حملے ، غریب شہریوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے، عوام پر فائرنگ سمیت دیگر سنگین جرائم کے 15مقدمات میں مطلوب ہیں۔ پولیس حکام کاکہناہے کہ پشاور شہرمیں قبضہ مافیاو جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کا پیچھا کیاجائے گا ۔