کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد کی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحٰق بلوچ سے ملاقات،چارٹر آف ڈیمانڈ سے آگاہ کیا، بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنماوں سیکرٹری جنرل حاجی اصغر بنگلزئی ، حاجی شفا مینگل ، رئیس درمحمد لانگو ، منظور راہی بلوچ ، غفار جمالی ، حاجی صاحب جان ، کامریڈ وحید بلوچ ، شاہ نواز زہری ، ایاز کاکڑ ، عمر بلوچ اور دیگر نے منگل کو نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میںنیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحٰق بلوچ سے ملاقات کی،اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ، رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز ، مرکزی انفارمیشن سیکرٹری علی احمد لانگو ، مرکزی ریسرچ و آگاہی سیکرٹری صدیق کھیتران ، صوبائی انفارمیشن سیکرٹری عبید لاشاری اور دیگر بھی موجود تھےوفد نے بلوچستان گرینڈ الائنس کے چارٹر آف ڈیمانڈ اور احتجاجی تحریک کی بابت نیشنل پارٹی کی قیادت کو آگاہ کیا ۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحٰق بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے اور سمجھتی ہے کہ آئین کے تحت اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن بدقسمتی سے ملازمین تنظیموں اور شہریوں سے آئینی حق چھینا جارہا ہے ۔بلوچستان گرینڈ الائنس کا چارٹر آف ڈیمانڈ حق پر مبنی ہے تاہم اس کے لئے جدوجہد کی پاداش میں ملازمین کی گرفتاری اور انہیں 16 اہم پی او کے تحت پابند سلاسل کرنا آمریت کی یاد دلاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان گرینڈ الائنس کے ملازمین کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتار یوں سے اجتناب برتے اور ان کےچارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کرتے ہوئے ہوشربا مہنگاہی میں ملازمین کو ریلیف دے ۔ انہوں نے الائنس کے وفد سے گزاش کی کہ وہ بھی عوام کی خدمت بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبے کو اہمیت دیں ۔ اس موقع رکن صوبائی اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ حکومت ملازمین کے مطالبات تسلیم کرے اور چھاپوں اور گرفتاریوں سے اجتناب کرئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر ملازمین کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔