کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے اتحاد ٹاؤن سے ا ٹھائے گئے شہری کی بازیابی کے لئے درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو اتحاد ٹاؤن سے اٹھائے گئے شہری کی بازیابی کے لئے درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار مسماۃ زیب النساء نے کہا کہ 31 دسمبر 2025 کو ہمارے گھر پر کچھ افراد نے دستک دی۔ دروازہ کھولنے پر مسلح افراد گھر میں گھس آئے اور تلاشی لینا شروع کردی اس دوران یہ افراد گھر سے 20لاکھ روپے، سونے کے زیورات اور میرے بیٹے شاہزیب کو لے گئے۔ میرے بیٹے کو لے جانے والوں میں بغیر نمبر پلیٹ کے پولیس گاڑی بھی شامل تھی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر فریقین سے 22جنوری کو جواب طلب کرتے ہوئے ایس ایس پی کو حکم دیا ہے کہ شاہزیب کو عدالت میں پیش کیا جائے۔