پشاور(جنگ نیوز)نیشنل ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکاء نے منگل کے روزگورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا۔ نیشنل ورکشاپ خیبرپختونخواکے شرکاء پر مشتمل وفد کی قیادت بریگیڈیئر مبشر احمد عباسی کر رہے تھے۔ورکشاپ کے شرکاء میں خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے سیاسی، مذہبی، میڈیا، کھیل،کاروباری شخصیات، اکیڈیمیا سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین شامل تھے۔12دن پر مشتمل نیشنل ورکشاپ خیبرپختونخوا کا مقصد خیبر پختونخوا امن و استحکام کا قیام شامل ہے۔ نیشنل ورکشاپ کے شرکاء نے اس موقع پرگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔گورنر نے ورکشاپ کے شرکاء کو گورنر ہاؤس پشاور آمد پر خوش آمدید کہا۔شرکاء ورکشاپ نے گورنر خیبرپختونخوا سے صوبہ میں پائیدار امن و استحکام،دہشتگردی کے خاتمہ، صوبائی حقوق سے متعلق سوالات کئے ۔ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف ون پوائینٹ ایجنڈا پر آنا ضروری ہے،ہماری بدقسمتی ہے کہ افغانستان میں حالات کی تبدیلی سے ہمارا صوبہ شدید متاثر ہو رہا ہے، عالمی طاقتوں کے افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیار ہمارے صوبہ میں دہشتگرد استعمال کر رہے ہیں۔