• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمود اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر، سینیٹ میں راجہ ناصر جلد عہدہ سنبھالیں گے، اعتماد بحالی کی جانب قدم، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(طاہرخلیل / ایجنسیاں) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کوایوان زیریں میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیاجبکہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور علامہ ناصر عباس کی تقرری کا نوٹیفیکیشن تیار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر کوسینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گااور راجہ ناصر عباس جلد عہدہ سنبھالیں گے ‘نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی بزنس رولز کے تحت اپوزیشن لیڈر کی تقرری16 جنوری 2026 ء سے نافذ العمل ہوگی‘ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ 9 مئی کیس میں عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔ ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کی بطور قائد حزب اختلاف تقرری کا نوٹیفکیشن حزب اختلاف کے رہنماؤں کے حوالے کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے محمود اچکزئی کی بطوراپوزیشن لیڈر تقرری کو اعتماد بحالی کی جانب قدم قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو پہلے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرائیں‘قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ محموداچکزئی کا نوٹی فکیشن نیک شگون ہے‘قائمہ کمیٹیوں میں واپسی سمیت آگے کے مراحل طے کرنے کیلئے بانی سے ملاقات ضروری ہے‘سابق اسپیکر اسد قیصر نے محمود خان اچکزئی کو بحیثیت قائدِ حزبِ اختلاف تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ محمود اچکزئی کی قیادت میں اپوزیشن مثبت، تعمیری اور مضبوط کردار ادا کرے گی۔جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللہ نے محمود خان اچکزئی کی تقرری کو پارلیمنٹ کی کھوئی ہوئی ساکھ کی بحالی قرار دیا ہے‘تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کے مطابق امیرجے یوآئی مولانافضل الرحمن‘سابق گورنر بلوچستان ظہور آغا، سابق گورنر خیبر پختونخوا غلام علی ‘بیرسٹراعتزازاحسن ‘بیرسٹرگوہر ودیگر سیاسی رہنماؤں نے محمود اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ کیااور انہیں اپوزیشن لیڈر نامزد ہونے پر مبارکباد دی ۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن گئے ہیں‘اپوزیشن لیڈر کا عہدہ گزشتہ تقریباً پانچ ماہ سے خالی تھا جو اگست 2025 میں پی ٹی آئی کے عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔محمود اچکزئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا۔محمود خان اچکزائی واحد امید وار تھے ‘ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کی بطور قائد حزب اختلاف تقرری کا نوٹیفکیشن حزب اختلاف کے رہنماؤں کے حوالے کیا۔ جمعہ کو اس سلسلہ میںاسپیکر چیمبر میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کو مدعو کیا گیا جس پر بیرسٹر گوہر‘جنید اکبر خان اور سردار لطیف کھوسہ سمیت پی ٹی آئی اور حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے دیگر ارکان سپیکر چیمبر میں گئے جہاں پرا سپیکر نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تقرری کا نوٹیفکیشن ان کے حوالے کیا۔جے یوآئی رہنماحافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ موجودہ صورتحال لولی لنگڑی جمہوریت کی طرح ہے، لیکن یہ اقدام جمہوریت کے لیے مثبت اور نیک شگون ہے۔انہوں نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری میں تاخیر پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے فارم 45 کی تقرری خوش آئند اقدام ہے۔واضح رہے کہ محموداچکزئی 1948ء میں ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے گاؤں کلی عنایت اللہ کاریز میں عبدالصمد خان اچکزئی کے گھر پیدا ہوئے۔محمود خان اچکزئی نے ابتائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری اسکول عنایت اللہ کاریز قلعہ عبد اللہ اور گورنمنٹ سپیشل ہائی اسکول کوئٹہ سے حاصل کی۔ سائنس کالج کوئٹہ سے ایف ایس سی کرنے کے بعد مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے پشاور چلے گئے جہاں انھوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور سے 1971ء میں بی ای میکینکل انجینئری کی ڈگری حاصل کی ۔عبد الصمد خان کی شہادت کے بعد محمود اچکزئی کو اس پارٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا۔ وہ 2 فروری 1974ء کو ضمنی انتخاب میں بلوچستان صوبائی اسمبلی کے رکن بنے۔ اس کے علاوہ وہ قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ سے کئی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہو چکے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید