کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں کم سن بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ پولیس افسر سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ،زیر زمین پانی کے ٹینک میں صفائی کے دوران دم گھٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ،4 افرادکی لاشیں ملیں ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ رانا گراؤنڈ کے قریب منی واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5 سالہ حنان ولد مجید جاں بحق ہوگیا، پولیس نے بتایا کہ بچہ گھر کے باہر گلی میں کھیل رہا تھا ، پانی سپلائی کے لئے آنے والے ٹینکر ڈرائیور نے ریورس کرنے کی کوشش کی تو حنان پچھلے ٹائروں تلے آکر موقع پر جاں بحق ہوگیا ، ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ، پولیس نے واٹرٹینکر کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا، سپر ہائی وے ریسٹورنٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل اور موٹرسائیکل لوڈنگ گاڑی پر سوار 2 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا،پولیس نے بتایا کہ زخمی کے سر پر گہری چوٹ لگی جس کی عمر 30سال کے درمیان حالت تشویشناک ہے، جاں بحق دونوں افراد کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ،عمریں 35 سے40 برس کے درمیان ہیں نیشنل ہائی وے نزد فلک نازک نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے 35 برس کا موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا ، فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے، سائیٹ اے تھانے کی حدودحبیب بینک پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 50 سالہ اے ایس آئی جاوید ولد اول خان زخمی ہوگیا ، علاوہ ازیں کورنگی ضیا کالونی میں میں گھر کے اندر زیر زمین پانی کے ٹینک میں صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 30 سالہ آصف ولد شیر ملک کی حالت غیر ہوگئی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ، دریں اثنا نیو کراچی صبا سینما کے قریب نالے سے، بھینس کالونی روڈ نزد مہران ہائی وے، نارتھ کراچی سیکٹر فائیو میں فٹ پاتھ جبکہ کورنگی بروکس چورنگی کے قریب فٹ پاتھ سے چار افراد کی لاشیں ملیں جن کی عمریں 35 سے 65 کے درمیان ہیں، شناخت نہ ہونے پر سردخانے منتقل کر دیا گیا ۔