کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے باقاعدگی سے بل بھرنے والے صارفین کی بجلی بھی منقطع کرنے پر کے الیکٹرک، نیپرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جنوری کو جواب طلب کرلیا ، ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے سماعت کی ، وکیل نے کہا کہ درخواست گزار اورنگی ٹاؤن نمبر 8 داتا نگر کا رہائشی اور کے الیکٹرک کا اسٹار کسٹمر ہے، بل ادا کرنے کے باوجود علاقہ مکینوں کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، کنزیومر سروس مینوئل 2021 کے تحت بجلی منقطع کرنے کا اختیار صرف نادہند کے خلاف استعمال کیا جاسکتا ہے،13 جنوری کو کے الیکٹرک نے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے پورے علاقے کی بجلی منقطع کردی اور ہائی لائن لاسز کا جواز بنا کر علاقے کا پی ایم ٹی منقطع کیا، بجلی کی طویل بندش سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہورہی ہے، نومبر 2025 میں بھی اسی طرح علاقے کی بجلی منقطع کی گئی تھی کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا میں بھی شکایت زیر سماعت ہے، عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔