پشاور (سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ فخر افغان باچا خان کی 38ویں اور قائد جمہوریت خان عبدالولی خان کی 20ویں برسی کی مناسبت سے ہفتہ باچا خان 2026 کی تقریبات کا آغاز 20 جنوری سے ہوگا۔ باچا خان مرکز پشاور میں صبح 10 بجے ختم القرآن کا اہتمام کیا جائے گا۔ باچا خان ٹرسٹ کے سی ای او اور مرکزی صدر اے این پی ایمل ولی خان دوپہر 12 بجے تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کرینگے۔ افتتاحی تقریب میں ننگیالے پختون کے سالاران ملی ترانے کے ساتھ سلامی اور پریڈ پیش کرینگے۔ تقریب میں کتابوں، آرٹ، فن پاروں، روایتی و مقامی ملبوسات سمیت دیگر سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ تقریب کے دوسرے سیشن میں باچا خان ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام چھاپی گئی نئی کتابوں کی رونمائی ہوگی۔ تقریب سے مرکزی صدر ایمل ولی خان اور دیگر رہنما خصوصی خطاب کرینگے اور اپنے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔ انہوں نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی ذمہ داران و کارکنان اپنے متعلقہ اضلاع میں اپنے اکابرین کے ایصال ثواب کیلئے ختم القرآن کا خصوصی اہتمام کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کہ 23 جنوری کو اپنے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے چارسدہ میں اے این پی خیبر پختونخوا کے زيراہتمام عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔