پشاور(جنگ نیوز)سرکاری ملازمین کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس خیبر پختونخوا)اگیگا کے نومنتخب چیئرمین پروفیسر عبدالحمید آفریدی نے پشاور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اجلاس میں کیپلا خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر پروفیسر عبدالحمید آفریدی کو اگیگا خیبر پختونخوا کا صوبائی چیئرمین،لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری وقار شاہ کو جنرل سیکرٹری، صوبائی صدر ایپکا ممتاز علی خان کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری کو اگیگا میں شامل تنظیموں کے صوبائی قائدین نے بلامقابلہ منتخب کیا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر چیئرمین اگیگا پاکستان حیدر علی خان استانیزے، بابائے اگیگا پاکستان سمیع اللہ خلیل اور میڈیا کو آ رڈینیٹر اگیگا پاکستان آصف خان آفریدی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔قبل ازیں سمیع اللہ خلیل نے نومنتخب کابینہ کا اعلان کیا جس پر اگیگا خیبر پختونخوا میں شامل تمام تنظیموں کے قائدین نے ہاتھ اٹھا کر انہیں بلامقابلہ منتخب کرنے کے لئے ووٹ دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب چیئرمین اگیگا خیبر پختونخوا پروفیسر عبدالحمید آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کر کے صوبہ بھر کے لاکھوں سرکاری ملازمین کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنشن اصلاحات کے نام پر سرکاری ملازمین کے ساتھ جو ظلم و نا انصافی کی گئی ہے اسے سابقہ طریقہ کار پر دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ وفاق سے منظور شدہ DRA پر بھی کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ، پروفیسر اور ریسرچرز سے جو ٹیکس کی مد میں کٹوتی کی گئی ہے اس پر اگیگا پاکستان کی چھتری کے نیچے وفاقی حکومت سے بات ہوگی۔