پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات پر سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ خیبر پختونخوا عدیل شاہ نے ہزارہ ڈویژن میں جاری صحت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا تاکہ ان کی پیش رفت کے ساتھ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی نے غازی میں کیٹیگری ڈی ہسپتال کو کیٹیگری سی ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے کے منصوبے اور ہری پور میں ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی تعمیر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا، پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم مزید تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری عدیل شاہ نے متعلقہ محکموں اور عملدرآمدی اداروں کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو تیز کیا جائے، منظور شدہ نقشوں اور مقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کیا جائے اور معائنے کے دوران نشاندہی شدہ خامیوں کوفوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے نئے انفراسٹرکچر کی تکمیل تک موجودہ ہسپتال عمارتوں میں سہولیات کی بہتری کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔