کراچی ( رفیق مانگٹ) حمل کے دوران پیراسیٹامول کے استعمال کو آٹزم سے جوڑنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع دعوے کو ایک بڑی بین الاقوامی سائنسی تحقیق نے دو ٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تحقیق واضح کرتی ہے کہ پیراسیٹامول اور آٹزم، اے ڈی ایچ ڈی یا ذہنی معذوری کے درمیان کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا۔ٹرمپ نے ستمبر میں خواتین کو حمل کے دوران پیراسیٹامول سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا۔تحقیق کے مطابق، جو معروف سائنسی جریدے دی لانسیٹ میں شائع ہوئی، ماہرین نے 43 بڑے اور سخت سائنسی معیار پر پورا اترنے والے مطالعات کا منظم جائزہ لیا۔ ان میں 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد بچوں میں آٹزم، 3 لاکھ 35 ہزار سے زائد میں اے ڈی ایچ ڈی اور 4 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ بچوں میں ذہنی معذوری کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جس کے نتائج میں کسی بھی قسم کا تعلق سامنے نہیں آیا۔