کراچی (اسد ابن حسن)ایف آئی اے دوبارہ اسٹیل مل میں چوریوں کی تحقیقات کرے گی ، وزارت صنعت و پیداوار کے سیکشن آفیسر شہادت علی خان نے پاکستان اسٹیل ملز میں منظم انداز میں قیمتی سرکاری اثاثوں کی چوری کی تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن کو مراسلہ تحریر کر دیا ہے۔ اب یہ تحقیقات ایک مرتبہ پھر اینٹی کرپشن سرکل کراچی کرے گی جہاں یر پہلے بھی اس قسم کی تحقیقات ہو چکی ہیں مگر کوئی حاصل حصول نہیں ہوا۔ مراسلے میں پاکستان اسٹیل مل کے چار اہلکاروں کے نام بھی تحریر کیے گئے ہیں جو ان چوریوں میں ملوث ہیں۔ ان اہلکاروں میں سجاد حسین خان، نثار احمد، کاشف غفور اور چوہدری اکرم شامل ہیں۔ مراسلے میں مزید تحریر کیا گیا ہے کہ اسٹیل مل کے گیٹ نمبر 5 سے مسلسل قیمتی سامان کی چوریاں ہوتی رہی ہیں جس سے قومی خزانے کو نقصان اور ادارے کی ایک مرتبہ پھر بحالی کا عمل شدید متاثر ہوا۔ مراسلے میں گزشتہ برس 24 دسمبر کے ایک بھاری چوری کے واقعے کا ذکر بھی کیا گیا ہے جس میں مقدمہ درج ہوا مگر ادارے کے کچھ ملازمین نے غلط بیانی کر کے اس مقدمے میں ملزمان کو فائدہ پہنچایا اور ان کو ضمانت مل گئی۔