لاہور (جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) لاہور کے صدر پروفیسر شاہد ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ لیڈی ایچیسن (Lady Aitchison) ہسپتال اور میو ہسپتال کے درمیان فوری طور پر اوور ہیڈ برج یا انڈر پاس تعمیر کیا جائے تاکہ دونوں ہسپتالوں کے درمیان محفوظ اور آسان آمد و رفت ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ہسپتالوں کے درمیان کوئی براہِ راست راستہ موجود نہیں ہے۔ رات کے اوقات میں اکثر ہسپتالوں کے مرکزی دروازے بند ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹرز، نرسز، اسٹاف اور مریضوں کے لواحقین کو بہت لمبا چکر کاٹ کر جانا پڑتا ہے۔ اس صورتحال میں خاص طور پر آن کال ڈاکٹرز کو لیڈی ایچیسن اور میو ہسپتال کے درمیان آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پروفیسر شاہد ملک نے مزید کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینسوں کو بھی شالمی چوک یا دیگر دور دراز راستوں سے گھوم کر میو ہسپتال پہنچنا پڑتا ہے، جس سے قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور مریضوں کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔