لاہور(خبرنگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلی مولانا عبدالرشید حجازی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز اور انتظامیہ کی جانب سے مساجد، علما اور مسجد مینجمنٹ کمیٹیوں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ علما کی پروفائلنگ، مساجد میں مداخلت اور مذہبی شخصیات سے زبردستی ذاتی معلومات حاصل کرنا بنیادی انسانی و مذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف مذہبی آزادی پر حملہ ہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم آبادی کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے کی منظم کوشش بھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی یہ پالیسیاں ہندوتوا نظریے اور اسلاموفوبیا کا واضح مظہر ہیں، جن کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی مذہبی شناخت کو مٹانا اور انہیں اپنے عقیدے پر آزادانہ عمل سے روکنا ہے۔