• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر جمہوری بلدیاتی ایکٹ عوام نے مسترد کر دیا، ضیاء الدین انصاری

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ چار روزہ عوامی ریفرنڈم میں لاکھوں شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا اور پنجاب حکومت کے متنازعہ، غیر جمہوری اور عوام دشمن بلدیاتی ایکٹ کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔ یہ ریفرنڈم عوام کے اجتماعی شعور، جمہوری سوچ اور حکومتی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا دوٹوک اظہار ہے۔ امیر لاہور نے موجودہ بلدیاتی ایکٹ کو “کالا قانون قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور عوامی مزاحمت کا اعلان کرتے ہوے کہا کہ جلد پنجاب اسمبلی اور وزیر اعلی ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پی پی-167 میں منعقدہ بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ بلدیاتی ایکٹ کے ذریعے پنجاب بھر میں ہارس ٹریڈنگ کو فروغ دینا چاہتی ہے، جسے جماعت اسلامی کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف عوامی تحریک مزید تیز کر دی گئی ہے اور جلد وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کی کال دی جائے گی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے پی پی-167 میں ن لیگ کے امیدوار کی بلا مقابلہ کامیابی کو آئین، قانون اور جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ من پسند افراد کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا کر بعد ازاں انہیں واپس لیا گیا تاکہ بلا مقابلہ جیت کی راہ ہموار کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اس غیر آئینی عمل کو عدالت میں ثابت کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر جماعت اسلامی اور دیگر امیدواران کو زبردستی روکا، جبکہ ہمارے امیدوار اور وکیل کو اغواء کیا گیا۔ پی پی-167 کے ضمنی انتخابات میں یہ متنازعہ عمل کسی صورت قابل قبول نہیں۔
لاہور سے مزید