لاہور(خبرنگار) الشیخ السیّد عفیف الدین الجیلانی سجادہ نشین و متولی سلطان اولیاء، الشیخ عبد القادر الجیلانی بغدادی کے دورہ پاکستان کے موقع پر،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ اوقاف و مذہبی امو رکے زیر اہتمام ”معراج اور محبت فاتح عالم انٹرنیشنل کانفرنس“کا شایان شان انعقاد کیا گیا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ السیّد عفیف الدین الجیلانی سجادہ نشین و متولی سلطان اولیاء ، الشیخ عبد القادر الجیلانی بغدادی،حافظ غلام محمد سوہو ، صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین،سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف شاہد حسن کلیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج سے تسخیر کائنات کے دَر وَا ہوئے اور انسان کو تحقیق و جستجو کے بند دروازوں اور خلأ کے پیچیدہ راستوں پر دستک کا جذبہ عطا ہو ا۔ آج عقل ِ انسانی اپنی سائنسی ترقی اور ایٹمی تحقیق و جستجو کی بنا پر جن کائناتی سچائیوں کو تسلیم کرنے پر مجبور ہے، سینکڑوں سال قبل، ان صداقتوں سے، وحی کے ذریعے انسانیت آشنا ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور علم و آگہی کا دور ہے۔مذہب کے نام پر تشدّد کی، اسلامی سوسائٹی میں کوئی گنجائش نہیں۔