لاہور(کرائم رپورٹر)سانحہ سیشن کورٹ لاہور کی 29ویں برسی کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کا ہر سپاہی فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس 1700 سے زائد شہداء کی امین ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کے اہلِ خانہ کی بہترین ویلفیئر پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہےآئی جی پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کے تسلسل کو مشعلِ راہ بنا کر امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 1997ء میں آج ہی کے دن سیشن کورٹ لاہور میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے میں پنجاب پولیس کے 14 افسران و اہلکار شہید ہوئے تھے۔ شہداء میں 2 سب انسپکٹرز، 1 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، 2 ہیڈ کانسٹیبلز اور 9 پولیس اہلکار شامل تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سانحہ سیشن کورٹ کے شہداء پولیس کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں تازہ رہے گی۔