ملتان (سٹاف رپورٹر) یونین کونسل نمبر 49 لوہار کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیوریج لائن بند ہونے کے باعث علاقہ مکین شدید اذیت میں مبتلا ہیں، گلیوں اور سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ تعفن اور مچھروں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلیوں میں پانی کھڑا رہنے کی وجہ سے بزرگوں، بچوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ نمازیوں، طلبہ اور روزمرہ گزرنے والے افراد کو آمدورفت میں شدید پریشانی لاحق ہے‘ رہائشیوں کے مطابق متعدد بار واسا حکام کو شکایات درج کروائی گئیں، تاہم تاحال کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج لائن کی صفائی اور نکاسی آب کا مستقل حل نکالا جائے ، تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔