ملتان ( سٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے ویمن یونیورسٹی ملتان کے محمد عمران وغیرہ آٹھ ملازمین کی توہین عدالت کی درخواست کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی ۔یونیورسٹی کے وکیل کی اطلاع پر کہ جن کے خلاف توہین عدالت دائر کی گئی ہے وہ سب ٹرانسفر ہو چکے ہیں فاضل عدالت نے پیٹیشنرز کو مدعاعلیہم کے نام تبدیل کرنے کی اجازت دے دی اور فاضل عدالت نے توہین عدالت کے کیس میں نئے فریقین وائس چانسلر میڈم کلثوم پراچہ۔ ڈاکٹر طاہرہ یونس ٹریژر ۔اور عشرت ریاض اسسٹنٹ ٹریژر کے نام تبدیل کرنے کی اجازت دے دی۔پیٹیشنرز کے وکیل شیخ جمشید حیات نے فاضل عدالت کو اگاہ کیا کہ عدالت عالیہ نے 2018میں ان کے حق میں فیصلہ کیا جب یونیورسٹی نے انہیں غلط طور پر نوکری سے برطرف کر دیا تھا۔لیکن جسٹس علی باقر نجفی نے انہیں بحال کر دیا اور ان کو ایڈوانس انکریمنٹس اور الاؤنسز کا حقدار قرار دیا مگر یونیورسٹی نے اس حکم پر عمل درامد نہ کیا چنانچہ دوبارہ عدالت عالیہ سے رجوع کیا گیا اور جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے یونیورسٹی کے متعلقہ حکام کو طلب کر کے انہیں کہا کہ وہ مجوزہ الاؤنسز دیں ورنہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائیگی پٹیشن کے وکیل شیخ جمشید حیات نے کہا کہ اگرچہ سٹاف تبدیل ہو چکا ہے مگر عدالت عالیہ کے حکم پر بہر صورت عمل درآمد ہونا چاہیے۔