راولپنڈی (این این آئی)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ مضبوط‘پیشہ ور اور عوام دوست پولیس داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے،قانون نافذ کرنا مقدس امانت ہے، مسلح افواج ہمیشہ بہادر اور وقار پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نےمنگل کو نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا، فیلڈ مارشل نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا‘ فیلڈ مارشل نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی‘فیلڈ مارشل کو اسکول فار ہائی امپیکٹ ایلیٹ لا انفورسمنٹ ڈیولپمنٹ (SHIELD) سمیت پولیس کی تربیتی سرگرمیوں، استعداد کار میں اضافے اور جدیدیت سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ASPs) سے بھی ملاقات کی۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن کی حیثیت رکھتی ہے‘امن و امان کا قیام ایک مقدس ذمہ داری ہے اور مسلح افواج پاکستان کے بہادر پولیس اہلکاروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔