اسلام آباد(طاہر خلیل ) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ نیب عوام دوست ادارہ ہے، لوٹ مار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی ،انہوں نے عوام کو زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ چھان بین کے بعد صرف منظورشدہ اسکیموں اور منصوبوں میں اپنا سرمایہ لگائیں ،نیب ہیڈ کوارٹرز میں ، نیب (اسلام آباد /راولپنڈی) کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں بینکر سٹی ہاوسنگ سکیم فراڈ کے متاثرین کو ان کی بازیاب کرائی گئی رقوم واپس کی گئیں۔تقریب کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کی جس میں ڈپٹی چیئرمین سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادر شاہ، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں متاثرہ افراد نے شرکت کی۔بینکر سٹی ہاوسنگ کا فراڈ 2006 میں منظر عام پر آیا ، نیب نے جامع انکوائری کی اور ملزمان سے 1209 ملین روپے کی رقم بازیا ب کروائی جو کہ مرحلہ وار 2200 متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔ تقریب کے دوران، 476 متاثرین کو مجموعی طور پر 341 ملین روپے کی رقم دی گئی، جس میں 316 درخواست گزاروں کو 120 ملین روپے کی رقم پیمنٹ آرڈرز (پی اوز) کے ذریعے اور 160 درخواست گزاروں کو 221 ملین روپے آن لائن ٹرانزیکشنز کے ذریعے منتقل کی گئی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ نیب نے اصل سرمایہ کاری کی رقم سے ڈھائی گنا زیادہ رقم متاثرین کو واپس کی۔اس موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین نیب نے کہا کہ آج کا دن انصاف، احتساب اور عوامی اعتماد کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔