کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کا اصل مقصد حاصل نہیں ہوا۔ تحریک انصاف کے شفیع اللہ جان نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ ہر چیز پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کی ناز بلوچ نے کہا کہ ابتدائی انکوائری رپورٹ کے مطابق گل پلازہ کی آتش زدگی حادثاتی تھی۔ تینوں مہمان جیو نیوزکے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق شفیع اللہ جان نے کہا کہ جولائی 2022 میں شہباز شریف وزیراعظم تھے اور اسی دور میں ری سیٹلمنٹ ہوئی ہے باقاعدہ میٹنگ ریکارڈ پر ہے۔ جس پر بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ری سیٹلمنٹ کا کافی حد تک معاملہ پی ٹی آئی کے دورہ حکومت میں مکمل ہوچکا تھا۔ ناز بلوچ نے کہا کہ قانون سازی اور پولیس ریفارمز کی اشد ضرورت ہے۔