• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجہ ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد ( طاہر خلیل ، ناصر چشتی ، ساجد چوہدری ، شکیل اعوان )چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا ،سینیٹ سیکرٹریٹ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ایوان بالا میں پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی ، عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے،وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی جمہوریت کا حسن ہے انہوں نے کہاکہ اختلاف رائے ہر کسی کا حق ہے تاہم ایوان کا ماحول اچھا رکھنے کیلئے سب کو کوشش کرنی چاہیے، اس موقع پر حکومتی وزرا ءارکان بھی راجہ ناصر عباس کے پاس آئے اور مبارک باد دی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ راجہ ناصر عباس کو 32 میں سے 22 ارکان اپوزیشن سینیٹ کی حمایت حاصل ہے۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹر راجہ ناصر عباس نے سینیٹ میں پہلے خطاب میں کہا کہملک کو سیاسی افرا تفری سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر اقدامات اٹھانے ہونگے، ایوان بالا کے تمام دوستوں کا مشکور ہوں، عمران خان نے اپوزیشن لیڈر بنایا اور میں اس کا باوفا ساتھی ہوں ،جو حلف اٹھایا تھا اس کی کبھی بھی خلاف ورزی نہیں کرونگا ،اپنے ملک کی سلامتی کیلئے اپنی پوری کوششیں کرینگے ، انہوں نے کہاکہ ہمیں ایک قانون کے مطابق چلنا ہوگااور قواعدو ضوابط کے تحت رہنا ہوگا، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدل وانصاف قائم کریں۔
اہم خبریں سے مزید