لاہور(نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی قانون کو 99 فیصد لوگوں نے مسترد کردیا ، گُل پلازہ آتشزدگی نے پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو آشکار کردیا، سندھ کی مخدوش صورت حال کے باوجود بلاول بھٹو کو ونڈر بوائے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے،انہوں نے سانحہ گل پلازہ پر وزیر اعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم فروری کو کراچی میں ملین مارچ کا اعلان کردیا۔ پنجاب حکومت 15فروری تک جمہوریت دشمن بلدیاتی قانون واپس لے بصورت دیگر صوبائی اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے بلدیاتی قانون پر تاحال 15 لاکھ نتائج مرتب ہوئے ہیں جن کے مطابق 99 اعشاریہ سات فیصد لوگوں نے کالے قانون کو مسترد کیا، صوبہ بھر میں نتائج کو مرتب کرنے کا سلسلہ جاری ہے، شدید سردی کے باوجود بڑی تعداد نے رائے کا اظہار کیا ، جماعت اسلامی نے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی ہے ۔ حافظ نعیم نے گلُ پلازہ آتشزدگی واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔