• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیکن ہاؤس سکول سسٹم کا معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بیکن ہاؤس اسکول سسٹم معیاری تعلیم کو فروغ دیتے ہیں،بین الصوبائی ہم آہنگی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں ، بیکن ہاؤس کی بانی چیئرپرسن نسرین محمود قصوری نے کہا کہ بیکن ہاؤس اسکول سسٹم نے دنیا بھرمیں پھیلے اپنے نیٹ ورک سے پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بیکن ہاؤس نے یکساں اور معیاری تعلیم کے ذریعے قومی یکجہتی کو مضبوط کیا ہے۔ وہ بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کے پچاس سال مکمل ہونے پر منعقد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ تقریب منگل کو بیکن ہاؤس پی ای سی ایچ ایس کیمپس میں منعقد ہوئی۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بیکن ہاؤس پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ذریعے قومی اتحاداور مشترکہ ملکی مقاصد کے فروغ میں مسلسل کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بیکن ہاؤس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ میں سرکاری اسکولوں کے انتظام میں بھی اپنا کردار ادا کر کے حکومتِ سندھ کا ہاتھ بٹائے۔تقریب میں سینیٹر نثار احمد کھوڑو، سابق وزیرِ خارجہ خورشید محمود قصوری، سابق وفاقی وزیر جاوید جبار، شہناز وزیر علی، سابق وزیرِ مملکت واجد جواد، ڈائریکٹر جنرل افضل احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اینڈلٹریسی ڈیپارٹمنٹ رافیعہ ملاح، سی او او بیکن ہاؤس علی احمد خان،گروپ ڈائریکٹر علی رضا، اساتذہ اور سینئر طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر بیکن ہاؤس کی بانی چیئرپرسن نسرین محمود قصوری کی طرف سے ایک یادگاری کتاب ’ایک دفعہ کا ذکر ہے‘ کی رونمائی بھی کی گئی۔
اہم خبریں سے مزید