کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ میں حکومتی غفلت‘ناقص فائر سیفٹی انتظامات اور متاثرین کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے خلاف 23 جنوری کو بعد نمازِ جمعہ گل پلازہ کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔یہ اعلان منگل کوتحریک انصاف سندھ کے رہنماؤں کی میزبانی میں مختلف سیاسی جماعتوں‘تاجر اتحادکے رہنماؤں اور سانحہ سے متاثرہ افرادنے ایک پریس کانفرنس میں کیا ‘اس موقع پرمتفقہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیاجس میں کہا گیا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والا سانحہ کراچی کے نظامِ حکمرانی‘فائر سیفٹی‘ ایمرجنسی رسپانس اور بلدیاتی تیاری کی سنگین ناکامی کو بے نقاب کرتا ہے‘واقعے نے شہری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔پریس کانفرنس میں عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد، فائر اور ریسکیو سروسز کے وسائل کی کمی، حفاظتی آلات کی عدم دستیابی، اور ضلعی و بلدیاتی سطح پر بروقت ردعمل کی ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔