کراچی (اسٹاف رپورٹر) گل پلازہ سانحے کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ہے جومکمل طور پر نااہل اور بے حس ہے، یہ بات جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صفدر عباسی اور سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے گل پلازہ کے دورے کے دوران کہی،جبکہ آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں اور لواحقین سے ملاقات بھی کیا اورسانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وفد نے متاثرین کی بحالی اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت کے ذمہ دار حکام فوری طور پر مستعفی ہوں، کیونکہ یہ حکومت عوامی خدمت کی بجائے صرف عوام کا پیسہ لوٹنے میں مصروف ہے،گل پلازہ کا سانحہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ یہ سندھ حکومت کی مسلسل نااہلی کا تسلسل ہے، اور اگر یہی طرزِ حکمرانی برقرار رہی تو عوام خود حکمرانوں کو اقتدار سے باہر نکال دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر عباسی اور سردار عبدالرحیم نے کہا کہ قیمتی انسانی جانیں حکومتی غفلت اور نااہلی کی نذر ہو گئیں۔