اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور بل گیٹس نے صحت اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحاتی عمل، صحت کے شعبے کی ترجیحات اور پائیدار ترقی و ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی،بل گیٹس نے پاکستان کی قیادت سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے وہ پاکستان میں جاری کام میں بھرپور شمولیت برقرار رکھیں گے۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں گیٹس فاؤنڈیشن کی دیرینہ معاونت بالخصوص پولیو کے خاتمے میں اس کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا اور صحت عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے اور ملک بھر میں طبی سہولیات بہتر بنانے کے لیے فاؤنڈیشن کے مسلسل تعاون کو سراہا۔بل گیٹس نے پاکستان میں فاؤنڈیشن کی جاری اور آئندہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔