اسلام آباد(رانا غلام قادر) گزشتہ تین برس کے دوران دئیے گئے قومی سول اعزازات اور ان سے منسلک مراعات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں، یہ معلومات رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن کی جانب سے فراہم کی گئیں۔ ایوان کو بتایا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں 1250 سے زائد شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا گیا،مجموعی طور پر 21 قومی اعزازات میں سے 16 سول اعزازات مراعات کے لیے اہل قرار پائے، جبکہ 5 اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات مراعات کے ساتھ نقد انعام کی بھی مستحق ہوتی ہیں۔کابینہ سیکرٹریٹ کے مطابق نشانِ شجاعت حاصل کرنے والی شخصیت کو زندگی میں 15 لاکھ روپے جبکہ بعد از وفات 18 لاکھ 75 ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ہلالِ شجاعت پر زندگی میں 12 لاکھ 50 ہزار اور بعد از وفات 16 لاکھ 25 ہزار روپے ادا کیے جاتے ہیں۔