اسلام آباد (نامہ نگار/ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے صدرٹرمپ کے تشکیل کردہ غزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کی شدیدمخالفت کرتے ہوئے امن بورڈ معائدے کی شرائط پبلک کرنے اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کردیا‘دوسری جانب حکومت نے اس معاملے پر دفاعی پوزیشن اختیار کرلی ہے ‘جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ پاکستان کو حماس کو غیر مسلح کرنے کی کسی مہم کا حصہ نہیں بننا چاہئے‘ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ ایوان میں لائے بغیر اس معاملے پر فیصلہ کرنا غلط ہے‘حکومت نے پارلیمنٹ کو نظر انداز کر دیا۔سابق اسپیکر اسدقیصرنے کہاکہ تحریک انصاف اس معاملے سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتی ہےجبکہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیاکہ کشمیر اور فلسطین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘بورڈ آف پیس میں شمولیت ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمان کاکہناتھاکہ نےپاکستان نے کئی سیاہ دن دیکھے ہیں اور 8 فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔