اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا 10واں وزارتی اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد اعلامیہ کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس میں ای سی او رکن ممالک نے آفات سے نمٹنے کیلئے علاقائی تعاون، اجتماعی استحکام اور مشترکہ اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔ دو روزہ اجلاس (21 تا 22 جنوری 2026) حکومتِ پاکستان کی جانب سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے منعقد کیا، جس میں ای سی او ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام اور علاقائی و بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی،اختتامی اجلاس میں 21 جنوری کو ہونے والی اعلی سطحی ورکنگ گروپ کی میٹنگ کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے اہم علاقائی فیصلوں کی توثیق کے ساتھ ساتھ ای سی او وژن 2025 اور سینڈائی فریم ورک کے اہداف کے مطابق آفات کی تیاری، خطرات کے تدارک اوراستحکام کو مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ اقدامات کے لیے باہمی معاہدوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس کا ایک اہم نتیجہ ای سی او علاقائی لائحہ عمل برائے ڈی آر آر(2025–2030) کی منظوری تھی، جو خطے میں آفات سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک کے لیے جامع راہنمائی فراہم کرے گا۔ اجلاس میں مختلف خطوں کو در پیش خطرات کی تشخیص، امداد اور بچاؤکے اقدامات میں مشترکہ صلاحیتوں، بروقت خطرات کی آگاہی، زلزلے کے حوالے سے معلومات کے تبادلے، اور امدادی سامان کی ترسیل میں تعاون جیسے علاقائی اقدامات کی منظوری دی گئی۔