کوئٹہ/ اندرون بلوچستان(اسٹاف رپورٹر/ نامہ نگاران)وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں برف باری،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور درجہ حرارت منفی 10ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا، شہر میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی دن بھر جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں ۔ جمعرات کو کوئٹہ میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور درجہ حرارت منفی 10 تک گرگیا ہے۔ شدید سرد موسم میں گیس پریشر نے دم توڑ دیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس مستقل غائب ہے۔ بعض علاقوں میں پریشر انتہائی کم رہا جسکی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رہی سہی کسر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پوری کردی اکثر علاقوں میں دن بھر بجلی غائب رہنے سے شہری دہر ے عذاب میں مبتلا ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ میں موسم خشک اور درجہ حرارت منفی 11 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔ خانوزئی سے نامہ نگار کے مطابق خانوزئی رود ملازئی کان مہتر زئی زیارت برشور توبہ کاکڑی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں رات سے برف باری شروع ھوکر وقفے وقفے سے صبح تک جاری رھی جبکہ دن کو بھی برف باری ھوتی رھی ۔ دن کو منچلوں نے گاڑیوں میں برف کا مزہ لیا اور سرد ی میں گرم چائے نے مزہ دوبالا کر دیا۔