اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ، کامرس رپورٹر ) امریکی ناظم الامور( قائم مقام سفیر) نیٹلی اے بیکر نے کہا ہے کہ ا مریکی کمپنیاں فلاحی منصوبوں سے پاکستان کی زندگی بدل رہی ہیں،پاک امریکا معاشی تعاون دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ، نیٹلی اے بیکر نے خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی کاروباری اداروں کی جانب سے مقامی معاشی ترقی اور تعلیم کے فروغ میں کردار کو اجاگر کیا،نوشہرہ میں عالمی چین کے نئے ریسٹورنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا ، نئے ڈیف ریچ سکول کا بھی دورہ کیا،علاوہ ازیں امریکی ناظمِ الامور نیٹلی بیکر نے امریکی آزادی کے250ویں سالگرہ منانے کی تقریب میں ’’لیٹ فریڈم رنگ‘‘ لبرٹی بیل مہم کا آغاز کر دیا۔ دورہ نوشہرہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکی برانڈز پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نہ صرف سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار اور تعلیمی مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں۔امریکی ناظم الامور کے مطابق 2014 سے پاکستان میں سماعت سے محروم نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے لیے سرگرم ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط معاشی تعاون دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ہے،اب تک 80 سے زائد امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر چکی ہیں، جو براہِ راست ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانیوں کو روزگار فراہم کر رہی ہیں جبکہ بالواسطہ طور پر دس لاکھ سے زائد افراد کا روزگار ان منصوبوں سے وابستہ ہے۔ادھر امریکی ناظمِ الامور نیٹلی بیکر نے امریکی آزادی کے250ویں سالگرہ منانے کی تقریب میں ’’لیٹ فریڈم رنگ‘‘ لبرٹی بیل مہم کا آغاز کر دیا، امریکی ناظمِ الامور نیٹلی اے بیکر نے تاریخی لبرٹی بیل کی اصل حجم کے مطابق تیار کردہ نقل کی نقاب کشائی کی،لبرٹی بیل، جو پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں واقع ہے، امریکی آزادی اور جمہوریت کی سب سے پائیدار علامتوں میں سے ایک ہے،یہ گھنٹی 1752 میں ڈھالی گئی اور امریکی انقلاب میں اپنے تاریخی کردار کے باعث شہرت رکھتی ہے۔