واشنگٹن(جنگ نیوز)نیویارک ٹائمز اور سینا یونیورسٹی کے تازہ سروے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کے ایک سال بعد بھی امریکی عوام کی اکثریت یہ سمجھتی ہے کہ ملک کی مجموعی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو گئی ہے۔12 سے 17 جنوری کے درمیان کیے گئے اس سروے میں 1,625 رجسٹرڈ ووٹرز سے رائے لی گئی۔ نتائج کے مطابق صرف 32 فیصد ووٹرز نے کہا کہ ملک پچھلے سال کے مقابلے میں بہتر ہے، جبکہ 49 فیصد نے صورتحال کو بدتر قرار دیا۔ 19 فیصد کے نزدیک حالات میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ سروے میں واضح سیاسی تقسیم بھی سامنے آئی۔ڈیموکریٹس میں سے 86 فیصد نے کہا کہ ملک بدتر ہو گیا ہے، جبکہ صرف 3 فیصد نے بہتری محسوس کی۔آزاد ووٹرز میں 52 فیصد نے حالات کو خراب قرار دیا۔اس کے برعکس ریپبلکنز کی اکثریت، یعنی 73 فیصد، اب بھی ٹرمپ کی قیادت کو مثبت سمجھتی ہے۔اہم قومی معاملات پر بھی صدر ٹرمپ کی کارکردگی کو منفی قرار دیا گیا۔ ووٹرز کی اکثریت نے معاشی پالیسی، امیگریشن، روس-یوکرین جنگ اور وینزویلا سے متعلق فیصلوں پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔