کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک کالونی پولیس نے مبینہ مقابلہ کے بعد افغان ڈکیٹ گینگ کے 6 ملزمان کو ہلاک کردیا ،جبکہ مقابلہ کے دوران چوکی انچارج سمیت 2اہلکار زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پولیس نےمبینہ طور پرحسرت موہانی کالونی آباد کاری کے قریب افغان ڈکیت گینگ کی علاقے میں موجود گی کی خفیہ اطلاع پر پولیس چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی ،ملزمان نے پولیس دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں پاک کالونی چوکی انچارج جان شیر اور پولیس کانسٹیبل ذیشان زخمی ہوگئے ،ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ پر ضلع کیماڑی پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر پولیس نے ملزمان کے ساتھ مقابلہ کیا اور 6ملزمان کو ہلاک کردیا،ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے بتایا ہے کہ ہلاک ملزمان کا تعلق افغان ڈکیت گینگ سے تھا اور 50سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے ،ہلاک ملزمان نے گذشتہ سال 20 جنوری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 3 سگے بھائیوں اسداللہ،سمیع اللہ، اکرام اللہ کو قتل جبکہ زخمی امیر عبداللہ اور شفیع اللہ کو زخمی کردیا تھا جبکہ ہلاک ڈاکو ڈکیتی کے دوران خواتین کے ساتھ زیادتی کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔